بنگلورو۔19جولائی(ایس او نیوز) ڈی ایس پی ایم کے گنپتی کی خود کشی کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کیلئے مرکیرہ کی عدالت کی ہدایت کے فوراً بعد دو سینئر آئی پی ایس افسران ڈی جی پی انٹلی جنس ایم این پرساد اور آئی جی پی لوک آیوکتہ اے ایم پرنب موہنتی نے دیہی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی گذارش کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ان لوگوں کا استدلال ہے کہ آئی پی ایس افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے منظوری لازمی ہے ، ایسا کئے بغیر ایف آئی آر درج کرنے کے سلسلے میں زیریں عدالت نے جو فیصلہ سنایا ہے وہ غیر آئینی ہے۔ گنپتی معاملے میں آئی پی ایس افسران کے خلاف جو شکایت درج کی گئی ہے اس کے طریقہ کار کا جائزہ لئے بغیر مرکیرہ ضلع میجسٹریٹ نے اپنے اختیارات کے مطابق ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ان دونوں نے ہائی کورٹ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس فیصلے کو برخاست کیا جائے۔ ان دونوں افسران کے خلاف اگر کارروائی آگے بڑھنے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے یہ دونوں افسران ہائی کورٹ سے رجوع ہوچکے ہیں۔ ڈی وائی ایس پی گنپتی کی خود کشی کے معاملے میں سابق وزیر کے جے جارج ، اے ایم پرساد اور پرنب موہنتی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے گنپتی کی بیوہ پانا اور فرزند اسنیہل نے مرکیرہ کی عدالت میں عرضی دائر کی تھی، اس کی سماعت کرتے ہوئے کل عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا اور تینوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پولیس کو حکم صادر کیاتھا۔